پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.23 ارب ڈالر کی دوسری قسط موصول

01:15 PM, 14 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے جاری قرض پروگرام کے تحت 1 ارب 23 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط موصول ہو گئی ہے۔ یہ رقم سٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دی گئی ہے، جس کی تصدیق مرکزی بینک نے کر دی ہے۔

سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ رقم ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) پروگرام کے تحت دی گئی ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد قسط جاری کرنے کی سفارش کی، جسے بورڈ نے 9 مئی کو منظوری دی  بھارتی مخالفت کے باوجود۔

اعلامیے کے مطابق یہ رقم 16 مئی 2025 کو ملک کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بنے گی۔ رواں مالی سال کے اختتام تک، پاکستان کے ذخائر 13.9 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے لیے منظور شدہ 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام میں سے اب تک 2.1 ارب ڈالر کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 1.4 ارب ڈالر اضافی دیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مقررہ معاشی اہداف کے حصول میں "شاندار کارکردگی" دکھائی ہے، تاہم آئندہ مالی سال میں زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنانا ہوگا۔ مزید برآں، پاکستان کا بجٹ سرپلس 2.1 فیصد تک ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی اس قسط سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں گے بلکہ بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، تاہم اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔

مزیدخبریں