"خطے کو شرپسندوں سے پاک کرنا ہوگا" ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خلیجی تعاون تنظیم کے اجلاس میں خطاب

02:27 PM, 14 May, 2025

ریاض: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی تعاون تنظیم (جی سی سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خطے کو شرپسندوں سے پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے خلیجی ممالک کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ جی سی سی کے ممالک کے رہنما تنازعات کے حل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا، "غزہ کے مستقبل کے لیے میری انتظامیہ کام کر رہی ہے، اور شام پر سے پابندیاں اٹھا کر وہاں نئی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔"

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا اور جو ممکن ہوا، وہ کروں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تجارت ان کی حکومت کی ترجیح ہے اور امریکا مشرق وسطیٰ میں امن کی خواہش رکھتا ہے۔

ٹرمپ نے غزہ میں امن کے لیے یرغمالیوں کی رہائی کو اہم قرار دیا اور کہا کہ حوثیوں کے حملوں کے بند ہونے سے کشیدگی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والے چھوٹے گروپوں سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور امریکی صدر کی امن کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا، "جی سی سی خطے میں امن کا خواہاں ہے اور غزہ میں جنگ بندی پر زور دیتا ہے۔ ہمارے تعلقات امریکا کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔"

مزیدخبریں