'بیجنگ میں بے مثال استقبال، مخالفت کے بجائے تجارت کو وسعت دیں گے': امریکی صدر کی چینی صدر کو ستمبر میں دورۂ امریکہ کی دعوت 

03:45 PM, 14 May, 2026

بیجنگ :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے اور مضبوط دور کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے بیجنگ میں اپنے قیام اور والہانہ استقبال پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "آج یہاں موجود ہونا میرے لیے اعزاز ہے، چین میں ہمارا جس طرح زبردست استقبال ہوا، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
صدر ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ     ایک دوسرے کا احترام ہی ترقی کی پہلی منزل ہے، جس پر دونوں ممالک متفق ہیں۔    چین اور امریکہ کے تعلقات وہ کلیدی محور ہیں جو پوری دنیا کی صورتحال پر اثر انداز ہوتے ہیں۔    آج ہونے والی بات چیت کے مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں معاشی تعاون پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ "تجارت اور اقتصادی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے"۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارت کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دوستی کے اس نئے باب کو مزید مستحکم کرنے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو 24 ستمبر کو امریکہ کے سرکاری دورے کی باقاعدہ دعوت دے دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسٹریٹجک تعلقات میں یہ بہتری عالمی استحکام کے لیے معاون ثابت ہوگی۔

مزیدخبریں