روس میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ’ہیومینائیڈ‘ روبوٹ AIDOL کی رونمائی پر حادثہ، اسٹیج پر گر گیا

03:16 PM, 14 Nov, 2025

ماسکو: روس میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والا پہلا ہیومینائیڈ روبوٹ AIDOL اپنی تقریبِ رونمائی کے دوران اسٹیج پر توازن کھو بیٹھا اور گر گیا۔ اس حادثے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس میں روبوٹ کو اسٹیج پر ہاتھ ہلانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنا توازن کھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، AIDOL نے اپنی دائیں بازو کو اٹھانے کی کوشش کی، مگر وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور منہ کے بل گر گیا۔ روبوٹ کے گرنے کے فوراً بعد اسٹیج پر موجود دو افراد نے اسے اٹھانے میں مدد کی۔

روسی میڈیا کے مطابق، روبوٹ کی تخلیق کرنے والی کمپنی کے سی ای او ولادیمیر ویتوخن نے حادثے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ہمیں امید ہے کہ یہ غلطی ہمارے لیے ایک قیمتی تجربہ ثابت ہو گی۔" انہوں نے مزید کہا کہ روبوٹ میں 77 فیصد روسی ساختہ پرزے استعمال کیے گئے ہیں اور کمپنی کا ہدف اسے 93 فیصد تک لے جانا ہے۔

AIDOL کو انسانوں کے ساتھ بات چیت کرنے، اشیاء کو سنبھالنے اور چلنے کی صلاحیت حاصل ہے۔ کمپنی کے مطابق اس روبوٹ کو ایسے افعال انجام دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو عام انسان انجام دیتے ہیں، اور اس میں جدید ترین مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں