پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا

09:35 AM, 14 Oct, 2025

نیویار ک :پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے سامنے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا۔ پاکستان کے سفارتکار آصف خان نے بھارتی حکومت کے حالیہ دعووں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کالعدم تنظیموں جیسے بی ایل اے، ٹی ٹی پی مجید بریگیڈ کی پشت پناہی کر رہا ہے اور ہر سال جھوٹ پر مبنی پرانا سکرپٹ لے کر اقوام متحدہ آتا ہے۔

آصف خان نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے (ریفرنڈم) ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود سلامتی کونسل میں اس مسئلے کو اٹھایا تھا اور اب وہ اپنے وعدوں سے فرار چاہتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ اور پرامن جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارت کے غیر ذمہ دار رویے کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو مظلوم ظاہر کر کے اپنی اصل ریاستی دہشت گردی کو چھپا رہا ہے۔

آصف خان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کی متعدد عالمی تنظیموں کی رپورٹس موجود ہیں اور اقوام متحدہ کے فورم پر بھارت کی منافقت کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہزاروں پاکستانی شہری بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔

آخر میں آصف خان نے بھارت کی جمہوریت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں بلکہ سب سے بڑی گمراہ ریاست ہے۔

مزیدخبریں