پشاور : پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کی دستیابی معلوم کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران دیا گیا۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ گورنر کی دستیابی کے بارے میں عدالت کو کل ایک بجے تک آگاہ کریں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست سپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر ارکان اسمبلی نے آرٹیکل 255 کے تحت دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی کہ اگر گورنر دستیاب نہیں تو سپیکر یا کسی اور کو حلف لینے کے لیے نامزد کیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ گورنر کو بھجوایا اور سہیل آفریدی 13 اکتوبر کو وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں مزید کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے حلف لینے کے لیے اپنی عدم دستیابی ظاہر کی ہے، جس سے صوبے میں حکومتی معاملات میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آرٹیکل 255(2) کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ گورنر پاکستان میں ہیں اور 15 اکتوبر کو دستیاب ہوں گے، جس کی وجہ سے حلف کی کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ مزید تاخیر صوبے کی طرز حکمرانی کو متاثر کرے گی اور اس کا حل جلد از جلد نکالنا ضروری ہے۔