پاکستان اور امریکا کے درمیان کامیاب ٹیرف مذاکرات، امریکی کمپنیوں کو اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

12:15 PM, 14 Oct, 2025

اسلام آباد : پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، جہاں کامیاب ٹیرف مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس کامیاب مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس وقت واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہاں ان کی امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستانی معیشت کے مضبوط اشاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی معاہدہ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سرکاری و نجی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور ارکان سے بھی ملاقات کی، جس میں معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔

اس کے علاوہ، وزیر خزانہ نے سٹی بینک کے نمائندوں، آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پولیتی سے بھی ملاقات کی، جس میں ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات پر بات چیت کی گئی اور جلد انہیں طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے ایم 6 موٹر وے کے 2 حصوں کے لیے فنانسنگ کی منظوری پر اظہار تشکر کیا اور تیل فنانسنگ سہولت میں تعاون جاری رکھنے پر بھی بات چیت کی۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔

مزیدخبریں