راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ حکم عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کے دوران جاری کیا۔
عدالت نے علیمہ خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ علیمہ خان پر آج فرد جرم عائد ہونا تھی، لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ ان کی حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی، جس کے بعد وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوراً فراہم کرنے کا حکم دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، پولیس ٹیم ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ساتھ اڈیالہ جیل جائے گی، جہاں علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے پہنچ رہی ہیں۔ جیل سماعت کے بعد ان کی گرفتاری یا وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی جائے گی۔