سوات میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، لیویز اہلکار شہید

02:32 PM, 14 Oct, 2025

سوات : خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر تعینات لیویز اہلکار عبدالکبیر شہید ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ سوات کے علاقے مٹہ کے دور افتادہ علاقے انظر تنگے، بیاکن میں پیش آیا۔ فائرنگ کے دوران لیویز اہلکار عبدالکبیر نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار عبدالکبیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ عبدالکبیر نے اپنی ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بچوں کے صحت اور مستقبل کو محفوظ بنانے والی ٹیم پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں