وینس : اٹلی کے شہر وینس میں گوگل میپ پر اندھا اعتماد مہنگا پڑ گیا، جب ایک پولش سیاح خاتون نہر میں جا گریں۔ خاتون، وکٹوریا گوزینڈا، راستہ تلاش کرتے ہوئے موبائل فون پر نظریں جمائے سیڑھیاں اتر رہی تھیں کہ اچانک پھسل کر پانی میں جا گریں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں خاتون کو پانی سے باہر آ کر پٹی باندھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انسٹاگرام پر شیئر کردہ پوسٹ میں انہوں نے طنزیہ لکھا: "جب گوگل میپ کہے ’سیدھا جاؤ‘ لیکن آپ وینس میں ہوں!"
رپورٹس کے مطابق خاتون کو معمولی چوٹیں آئیں۔ واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، کچھ نے مذاق بنایا تو کچھ نے احتیاط کا مشورہ دیا۔
سیاحت کے ماہرین کے مطابق، وینس میں گوگل میپ اکثر غیر واضح یا غلط رہنمائی کرتا ہے کیونکہ شہر کی گلیاں پیچیدہ اور اکثر نہروں پر ختم ہو جاتی ہیں۔ ماہرین نے سیاحوں کو مقامی رہنمائی یا کاغذی نقشوں کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔