ٹی ایل پی سربراہ کے گھر پر چھاپہ، بڑی مقدار میں سونا، غیر ملکی کرنسی اور قیمتی اشیاء برآمد

06:39 PM, 14 Oct, 2025

لاہور:لاہور میں پولیس، نیشنل کرائم انویسٹی گیشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی مشترکہ کارروائی کے دوران تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ کے گھر پر چھاپہ، بڑی مقدار میں سونا، غیر ملکی کرنسی اور قیمتی اشیاء برآمد کر لی گئیں۔

کارروائی کے دوران تقریباً 11 کروڑ 42 لاکھ روپے مالیت کی کرنسیاں برآمد ہوئیں جن میں بھارتی روپے، امریکی ڈالر، یورو، پاؤنڈ، سعودی ریال اور دیگر شامل تھے۔ دفتر سے بھارتی 50 ہزار روپے اور تقریباً 72 کروڑ روپے کے برابر پاکستانی کرنسی بھی ملی ہے۔

برآمد شدہ قیمتی سامان کی تفصیل کے مطابق، 1 کلو 922 گرام سونا، جس میں 28 چوڑیاں، 12 بریسلیٹ، چین، لاکٹ، 46 انگوٹھیاں اور دیگر اشیاء شامل ہیں، جبکہ چاندی کی مقدار 898 گرام ہے جس میں ایک تاج اور 32 انگوٹھیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف عالمی برانڈز کی 69 قیمتی گھڑیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ سامان کو قانونی کارروائی کے لیے ضبط کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

مزیدخبریں