پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں، افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ

پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں، افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ
کیپشن: image by facebook

کابل : افغانستان کے چیف ایکزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں، امریکا اور طالبان کے درمیان رابطوں کا مقصد طالبان پر افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ نے کہا ہے کہ امن و استحکام سے متعلق عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں، پاک افغان تعلقات میں چیلنجز ہیں۔

افغان چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ امید ہے مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، مخلصانہ تعاون کے ذریعے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے , افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان رابطے ہوئے ہیں، رابطوں کا مقصد طالبان پر افغان حکومت سے مذاکرات کے لئے دباؤ ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ کہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے، افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکا کے سفارتی وفد سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ امریکا سے بھی افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، یہ خوشی کی بات ہے، کیوں کہ جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے , وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔