مریم نواز کا اے پی سی میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ،شہباز شریف جائیں گے

مریم نواز کا اے پی سی میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ،شہباز شریف جائیں گے


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حزب اختلاف کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ مریم نواز کی جگہ اب مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف وفد کے ہمراہ آل پارٹیز کانفرنس  (اے پی سی) میں شرکت کریں گے۔

مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی شرکت سے متعلق فیصلے سے پیپلز پارٹی کو آگاہ کر دیا جبکہ حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں نے بھی وفود سے متعلق پیپلز پارٹی کو آگاہ کر دیا۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ن لیگ کا 7 رکنی وفد شہباز شریف کی قیادت میں اے پی سی میں شرکت کرے گا جن میں شاہد خاقان عباسی ، خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 3 رکنی وفد اے پی سی میں شریک ہو گا جب کہ اے این پی کی جانب سے امیر حیدر ہوتی اور میاں افتخار شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ نیشنل پارٹی کی جانب سے ڈاکٹر عبدالمالک اور سینیٹر میر کبیر، ایوب ملک وفد میں شامل ہیں۔