پنجاب میں مون سون بارشوں کا 11واں سپیل، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

01:26 PM, 14 Sep, 2025

لاہور : پنجاب میں مون سون بارشوں کے سلسلے کا گیارویں سپیل شروع ہو گیا ہے، جس پر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 104 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 45 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد اور 4700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی ریلے صوبے کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا رہے ہیں۔

ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 25 لاکھ 12 ہزار افراد اور 20 لاکھ 19 ہزار سے زائد جانور محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں 392 ریلیف کیمپس، 493 میڈیکل کیمپس اور 422 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

منگلا ڈیم 93 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے۔ بھارت میں بھی دریائے ستلج کے اوپر واقع بھاکڑا، پونگ اور تھین ڈیم اپنی مکمل صلاحیت کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس سے پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیر و تفریح سے گریز کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں