ایشیا کپ 2025: پاکستان بھارت میچ سے قبل دبئی پولیس کی کرکٹ شائقین کو سخت وارننگ

02:34 PM, 14 Sep, 2025

دبئی :  ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع ہائی وولٹیج میچ سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کے لیے سخت ہدایات اور وارننگ جاری کر دی ہے۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں کسی قسم کا تشدد، بدزبانی یا نسل پرستانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دبئی پولیس کی ایونٹس سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی یا غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے افراد کو ایک سے تین ماہ قید اور 10,000 سے 30,000 درہم (یعنی تقریباً ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانہ کیا جائے گا۔

پولیس نے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ میچ کے دوران مثبت، مہذب اور برداشت پر مبنی رویہ اپنائیں تاکہ کھیل کا ماحول خوشگوار اور محفوظ رہے۔حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اسٹیڈیم میں موجود تمام افراد کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچز ہمیشہ سے ہی غیر معمولی جوش و خروش کے حامل ہوتے ہیں، تاہم دبئی حکام کی جانب سے دی گئی یہ وارننگ شائقین کو یاد دہانی ہے کہ کھیل کے میدان میں قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

مزیدخبریں