مشرقِ وسطیٰ تنازع کے خاتمے کیلئے پاکستان فعال کردار ادا کر رہا ہے: عاصم افتخار

09:40 AM, 14 Sep, 2026

نیویارک: پاکستان کے سینئر سفارتکار عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

 نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا پُرامن حل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔ ہماری ترجیح جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا چارٹر تنازعات کو جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔

 عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ مکہ معاہدے میں تینوں ممالک شامل ہیں اور پاکستان اس حوالے سے اضافی ذمہ داری لے رہا ہے۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ صورتحال منفی سمت میں جا رہی ہے اور ہمیں اس کا ادراک ہے، اسی لیے سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع پر پوری دنیا کی نظر تھی، جبکہ اس تنازع میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے والے ممالک میں پاکستان سرفہرست رہا ہے۔

 پاکستانی سفارتکار نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ یہ کہنا درست نہیں کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔

مزیدخبریں