بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا

بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا

لاہور: کلبوشن کی پھانسی کے معاملے پر بے بس بھارت نے اپنی برہمی جتانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی قیادت میں ایک وفد 16 اپریل کو بھارت روانہ ہونا تھا۔

پاکستانی وفد کی جانب سے بھارت میں قید ماہی گیروں کی رہائی اور دونوں ممالک کے درمیان سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے بارے میں مذاکرات کا آغاز ہونا تھا۔

کوسٹ گارڈ ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے پاکستانی وفد کو دورے کے لئے کلیئرنس نہیں دی گئی۔

واضح رہے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 10 اپریل کو پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ کلبھوشن یادیو کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی جبکہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے کلبھوشن یادیو کو سزا سنائی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مجرم کی سزائے موت کی توثیق کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں