امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 2 ہزار 228 ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ

امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 2 ہزار 228 ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ

واشنگٹن :امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 2 ہزار 228 ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ۔ اس سے قبل 11 اپریل کو امریکہ میں ایک ہی دن میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 2 ہزار 228 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کورونا کے باعث کسی بھی ملک میں ایک ہی دن میں ریکارڈ کی جانے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

کورونا کے نئے کیسز اور اموات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں گزشتہ روز کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 86 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی جو کہ اب بڑھ کر 6 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

اس حساب سے امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ کیے جانے والے کورونا کے کیسز تقریباََ 27 ہزار بنتے ہیں۔