دیامر بھاشا ڈیم پر بڑی پیش رفت ، 205 میٹر کیبل برج آپریشنل

دیامر بھاشا ڈیم پر بڑی پیش رفت ، 205 میٹر کیبل برج آپریشنل

چلاس: ( حسین احمد نمائندہ نیو نیوز سے) دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ڈیم سائٹ دریائے سندھ پر موجود 205 میٹر طویل جبکہ چھے فٹ کیریج وے پر مشتمل کیبل وے برج ٹو کو بھی آپریشنل کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق  ڈیم کی سائٹ پر تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لیے ہیوی مشینری اور تعمیراتی میٹریل کو لیفٹ سے رائٹ بینک منتقلی کے لئے دریائے سندھ پر دوسرے کیبل برج کو بھی آپریشنل کرلیا گیاہے۔

دریائے سندھ پر واقع یہ کیبل وے برج 205 میٹر طویل جبکہ چھے فٹ کیریج وے پر مشتمل ہے ۔کیبل وے برج کل 80ٹن وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پل کو آپریشنل کرنے کے لیے وزن سے لدے ٹرکوں کو پل سے گزارا گیا ۔اس موقع پر دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ کے ایڈیشنل چیف انجنیئر فخر جہاں،کنسلٹنٹ پاؤر چائنہ کے انجینئرز اور حکام بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ 25 مارچ کو چیئرمین واپڈا لیفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے جی ایم ایل اے اینڈ آر واپڈا بریگیڈیئر ریٹائرڈ شعیب تقی اور جی ایم دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ محمد راؤ یوسف کے ہمراہ دریائے سندھ پر نئے تعمیرکئے گئے کیبل وے بِرج ون کا افتتاح کیا تھا اِن پلوں کی تعمیر کا مقصد ہائی فلو سیزن کے دوران دریاکے دونوں اطراف نقل و حرکت میں آسانی پیدا کرنا ہے تاکہ منصوبے پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کیا جاسکے۔