کورونا کیسز میں اضافہ، بنوں میں ہفتے میں 2 روز اور شام 6 بجے تمام بازار بند کرنے کا اعلان

کورونا کیسز میں اضافہ، بنوں میں ہفتے میں 2 روز اور شام 6 بجے تمام بازار بند کرنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ہفتے میں 2 د ن اور شام 6 بجے کے بعد تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیاں مکمل بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کی انتظامیہ نے ہفتے میں دو روز کاروبار کی بندش اور نئے اوقات کار کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پیر سے جمعرات، صبح سے شام 6 بجے تک تمام بازار کھلیں گے تاہم اس کے بعد کسی بھی بازار کو کھلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ 
اعلامیہ کے مطابق ہفتے اور اتوار کو صرف اشیائے ضروریہ اور میڈیکل سٹورز کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ باقی تمام دکانیں، بازار اور تجارتی مراکز دو روز مکمل بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ گھروں میں ہونے والی تمام تقریبات پر پابندی ہوگی جبکہ آﺅٹ ڈور تقریبات میں 300 افراد ایس او پیز کے ساتھ شرکت کرسکیں گے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بنوں کے تمام ریسٹورنٹس، ہوٹل افطار سے رات 12 بجے تک ہوم ڈلیوری کیلئے کھلے رہیں گے، ڈائنگ کی بالکل اجازت نہیں ہو گی، انتظامیہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام مساجد میں نماز تراویخ کھلے صحن میں اداکی جائیں اور عوامی مقامات پر شہری فیس ماسک کا استعمال ضروری کریں۔