سپر ٹیکس کا پیسہ صوبوں میں وفاقی حکومت تقسیم کرتی ہے؟ سپریم کورٹ کا اہم سوال

03:48 PM, 15 Apr, 2025

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے اہم سوال اٹھایا کہ کیا سپر ٹیکس کی رقم صوبوں میں وفاقی حکومت تقسیم کرتی ہے؟ یہ سوال اس وقت زیر بحث آیا جب وکیل مخدوم علی خان اپنے دلائل پیش کر رہے تھے۔

سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران، وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ 2016 میں شروع ہونے والا سپر ٹیکس صرف بےگھر افراد کی بحالی کے لیے تھا اور اس کا پیسہ وفاقی خزانے میں جمع ہوتا ہے، جو بعد میں صرف اسی مقصد کے لیے خرچ کیا جاتا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے اس موقع پر رقم کی تقسیم کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ چاہے یہ رقم 8 روپے ہو یا آٹھ کھرب روپے، کیا اس کو اس طرح تقسیم کیا جا سکتا ہے؟ اس پر وکیل حافظ احسان نے جواب دیا کہ اس وقت تقسیم کا معاملہ زیر غور نہیں ہے۔

مخدوم علی خان نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس اور سپر ٹیکس میں فرق ہے اور ابھی تک سپر ٹیکس کی رقم بےگھر افراد کی بحالی پر خرچ نہیں کی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے، اور مخدوم علی خان نے اپنے دلائل مکمل کرنے کی کوشش کی۔

مزیدخبریں