ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے کے قریب، پاکستان مذاکرات کے لیے 'فیورٹ' قرار: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ بڑی ڈیل اور جنگ بندی کا اشارہ

09:55 AM, 15 Apr, 2026

واشنگٹن / اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے اور ایک نئے عالمی معاہدے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اب نئی ڈیل کے لیے سنجیدہ ہے۔ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو اور وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایرانی قیادت مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے تیار ہے اور اب جنگ بندی میں مزید توسیع کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ ایک جامع معاہدہ ہی بہترین آپشن ہے۔
صدر ٹرمپ نے سفارتی محاذ پر ایک بڑا بیان دیتے ہوئے اسلام آباد کو مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے سب سے پسندیدہ مقام قرار دیا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ پاکستان اس اہم ترین عالمی تنازع کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
امریکی صدر نے ایران کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا    "اس معاہدے سے ایران کو استحکام اور دوبارہ تعمیر کا موقع ملے گا۔ تاہم، جس نہج پر ایران پہنچ چکا ہے، اسے اپنی مکمل تعمیرِ نو کے لیے کم از کم 20 سال درکار ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو ایران اب تک ایٹمی طاقت بن چکا ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور موجودہ دباؤ کا مقصد خطے کو ایٹمی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو خبردار کیا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں کیونکہ اگلے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے پراسرار انداز میں کہا، "آپ لوگوں کو وہیں رکنا چاہیے، اگلے دو دن میں کچھ بڑا ہونے والا ہے۔"

مزیدخبریں