کراچی : پورٹ قاسم پر تجارتی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں کوئلے، سویا بین اور درآمدی پیٹرول کے جہازوں کی آمد سے بحری نقل و حمل کی صورتحال کافی مستحکم ہوئی ہے۔ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب پوری کرنے کے لیے ایک بڑا بحری جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے۔ 'لامو' (LAMU) نامی پیٹرول بردار جہاز پورٹ قاسم پہنچا ہے۔ یہ جہاز 57 ہزار 650 میٹرک ٹن پیٹرول لے کر آیا ہے۔
جہاز اس وقت پورٹ قاسم کے آؤٹر اینکریج (Outer Anchorage) پر موجود ہے، جہاں سے کلیئرنس کے بعد اسے برتھ پر لگایا جائے گا۔پیٹرول کے علاوہ پورٹ قاسم پر دیگر اشیاء کی سپلائی بھی جاری ہے۔ صنعتی ضروریات کے لیے کوئلے اور پولٹری و خوراک کی صنعت کے لیے سویا بین سے لدے بحری جہاز پہلے ہی لنگر انداز ہو چکے ہیں۔
پورٹ حکام کے مطابق، آج مزید 5 بحری جہازوں کی آمد متوقع ہے، جس سے بندرگاہ پر لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی اتنی بڑی کھیپ کی بروقت آمد سے ملک میں ایندھن کی سپلائی لائن مستحکم رہے گی، جبکہ کوئلے اور دیگر خام مال کی آمد سے صنعتی پہیہ چلنے میں مدد ملے گی۔ پورٹ قاسم انتظامیہ تمام جہازوں کی برتھنگ اور سامان کی ترسیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
پورٹ قاسم پر بحری سرگرمیوں میں تیزی: درآمدی پیٹرول اور کوئلے کے جہاز لنگر انداز، مزید 5 جہازوں کی آمد متوقع
03:28 PM, 15 Apr, 2026