باجوڑ: افغان طالبان کی شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری، خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید

10:18 PM, 15 Apr, 2026

باجوڑ : باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد شہید اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی گاؤں ملک شاہین (کٹ کوٹ) میں مقامی آبادی کو نشانہ بنایا۔ گولہ باری کے نتیجے میں ایک مکان کی چھت گرنے اور چھرے لگنے سے ایک خاتون اور دو معصوم بچے موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ خاندان کے دیگر تین افراد شدید زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز سے افغان طالبان کی جانب سے 'فتنہ الخوارج' کے دہشت گردوں کو پاکستان میں داخل کرنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی تھیں۔ پاک فوج نے سرحد پر الرٹ رہتے ہوئے دراندازی کی ان تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ اس ناکامی سے پیدا ہونے والی بوکھلاہٹ اور مایوسی کے عالم میں افغان طالبان نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے دشمن کی اشتعال انگیزی پر فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ افغانستان کے اندر سے جس مقام سے فائرنگ کی جا رہی تھی، پاک فوج نے ان گن پوزیشنز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
 باجوڑ سے ملحقہ افغان طالبان کی تمام اہم سرحدی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سرحد پار بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں