قائم مقام وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی بھی افغانستان سے فرار ہو گئے 

Afghanistan,Kabul,US Forces,Afghan Peace Process,Bismillah Muhammadi

کابل :افغانستان کے صدراشرف غنی کے کابل فرار کے بعد قائم مقام وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی بھی ملک سے فرار ہو گئے ،افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق قائم مقام وزیر دفاع بسم اللہ محمدی کے یو اے ای فرار ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

اشرف غنی کے فرار کے بعد افغان حکومت کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت نے افغانستان سے بھاگنے کی کوششیں تیز کر دیں ،عرب میڈیا کے مطابق قائم مقام وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی بھی افغانستان چھوڑ کر متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئے ،واضح رہے اس سے کچھ دیر قبل اشرف غنی کے فرار ہونے کی خبریں آنے کے بعد بسم اللہ محمدی نے اشرف غنی کیخلاف زہر اگلتے ہوئے کہا کہ سابق صدر اشرف غنی نے ہمارے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے باندھ کر وطن کو بیچ دیا تھا ۔

افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی اچانک ملک سے فرار ہونے پر افغان صدر اشرف غنی پر برس پڑے،سوشل میڈیا پراپنے بیان میں  جنرل بسم اللہ محمدی نے افغان صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'اس نے ہمارے ہاتھ ہماری پیٹھ کے پیچھے باندھے اور وطن کو بیچ دیا ،انہوں نے کہا غنی اور اس کے گروہ پر لعنت ہو ۔

خیال رہے کہ اس بیان سے کچھ دیر قبل ہی جنرل بسم اللہ محمدی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغان فورسز کابل کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں ، غیر ملکی افواج افغان فوج کی ہر طرح سے مدد کے لیے تیار ہیں ،اب افغان صدر اشرف غنی کے ملک سے فرار ہونے کے بعد جنرل بسم اللہ محمدی نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے، افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے اشرف غنی کو سابق صدرکہتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ افغانستان سے جاچکے ہیں۔