یورپی یونین نے اسرائیل کی نئی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دے کر فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا

03:21 PM, 15 Aug, 2025

برسلز: یورپی یونین، جرمنی اور ترک وزارت خارجہ نے اسرائیل کے نئے بستیوں کے منصوبے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گذشتہ روز اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹرچ نے مشرقی یروشلم کو مغربی کنارے سے الگ کرنے کی منظوری دی، جس کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو ختم کرنا بتایا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس فیصلے کے بعد یورپی یونین، جرمنی اور ترکی سمیت کئی ممالک نے اسرائیل سے اس منصوبے کو فوری بند کرنے کا کہا ہے۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور نئی بستیوں کا منصوبہ دو ریاستی حل کے امکانات کو کمزور کرتا ہے۔

جرمنی نے بھی مغربی کنارے میں بستیوں کی تعمیر روکنے پر زور دیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور آزاد فلسطینی ریاست ہی خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔

مزیدخبریں