حضرت داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں عرس کی تقریبات آج اختتام پذیر ہوں گی

01:20 PM, 15 Aug, 2025

لاہور : حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات آج رات خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔ اختتامی دعا میں ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

عرس کے تیسرے روز بھی ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد نے داتا دربار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور تبرک تقسیم کیا۔ قرأت، نعت خوانی اور سماع کی روح پرور محفلیں آج بھی جاری رہیں، جن میں عاشقانِ داتا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

عرس کے دوران دودھ کی سبیلیں، نذر و نیاز کی تقسیم اور لنگر کا سلسلہ بغیر وقفے کے جاری رہا۔ زائرین کے لیے مزار کے باہر مختلف اشیاء کے سٹالز بھی لگائے گئے، جہاں سے لوگوں نے بھرپور خریداری کی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے آج لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہری اس روحانی موقع پر سہولت سے شرکت کر سکیں۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ داتا دربار جانے والے تمام اہم راستے کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، تاہم پیدل افراد اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے مخصوص راستے کھلے رکھے گئے ہیں۔ ٹاؤن ہال، بلال گنج اور کربلا گامے شاہ سمیت اردگرد کے علاقوں میں بھی ٹریفک کا خصوصی پلان نافذ کیا گیا ہے۔

عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے والے زائرین نے داتا گنج بخشؒ کے فیوض و برکات کو اپنے ایمان کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقع روحانی سکون، باطنی تطہیر اور اخوت و محبت کے فروغ کا ذریعہ بنتا ہے۔

مزیدخبریں