غزہ : فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے آج (جمعہ) کو یومِ غضب کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینی عوام، تمام مزاحمتی گروپوں اور سول سوسائٹی سے اسرائیلی مظالم اور انضمامی منصوبوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
حماس کے رہنما کا کہنا ہے کہ یومِ غضب کا مقصد غزہ کے محصور عوام سے یکجہتی کا اظہار اور اسرائیلی توسیع پسند عزائم کو مسترد کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری محاصرہ، قحط، تباہی اور بمباری کے خلاف پوری قوم کو آواز بلند کرنا ہوگی۔ حماس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر نکل کر دنیا کو یہ پیغام دیں کہ فلسطینی قوم ظلم کے آگے جھکنے والی نہیں، اور مسلسل مزاحمت سے انضمامی منصوبے ناکام بنائے جائیں گے۔
ادھر غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ تازہ فضائی حملوں میں مزید 54 فلسطینی شہید اور 831 زخمی ہو گئے ہیں۔ شہداء میں امداد کے منتظر 10 نہتے شہری بھی شامل ہیں، جبکہ غزہ شہر کے زیتون محلے میں ایک مکان پر وحشیانہ بمباری سے 8 افراد شہید اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔
غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری، محاصرہ، اور انسانی بحران نے صورت حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ہسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں، جبکہ طبی سہولیات اور بنیادی ضرورت کی اشیاء کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں کی جانب سے آج کے دن عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔