پاکستانی نژاد طالبہ ماہ نور چیمہ کا بڑا کارنامہ، 6 عالمی تعلیمی ریکارڈ قائم

01:39 PM, 15 Aug, 2025

لندن: تعلیم کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی 18 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ نے دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے۔ لندن میں مقیم ماہ نور نے ایک ساتھ 24 اے لیول مضامین میں شاندار کامیابی حاصل کر کے چار نئے عالمی ریکارڈ توڑ دیے، اور مجموعی طور پر 6 عالمی تعلیمی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

یہ غیر معمولی کارنامہ کسی بھی سکول کے طالب علم کے لیے ایک عالمی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ماہ نور کو طب کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے دنیا کی مشہور آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ بھی مل چکا ہے، جسے وہ اپنی بچپن کی خواب کی تعبیر قرار دیتی ہیں۔

ماہ نور کے مطابق ان کی کامیابی کے پیچھے ان کے والدین کی قربانیاں اور دعائیں شامل ہیں۔ وہ 2006 میں اپنے خاندان کے ساتھ لاہور سے برطانیہ منتقل ہوئیں، مختلف سکولوں میں تعلیم حاصل کی، اور اے لیول کے آخری سال میں ہوم سکولنگ کا راستہ اپنایا۔

ماہ نور صرف تعلیم ہی میں نہیں بلکہ دیگر میدانوں میں بھی نمایاں ہیں۔ انہیں موسیقی میں ڈپلومہ، اداکاری اور پبلک سپیکنگ میں گولڈ میڈلز مل چکے ہیں، جبکہ وہ دنیا کی باصلاحیت ترین افراد کی تنظیم ’مینسا‘ کی رکن بھی ہیں۔

ان کی اس عظیم کامیابی کو پاکستان کے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی سراہا، اور انہیں فخر سے "قوم کی بیٹی" قرار دیا۔

مزیدخبریں