اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ اضلاع سمیت ملک کے کئی حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 18 اگست سے 22 اگست تک مختلف علاقوں میں بارشیں جاری رہیں گی، جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، سوات، اور وزیرستان میں معتدل سے تیز بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں استور، اسکردو، ہنزہ، شگر، باغ، وادی نیلم اور مظفرآباد میں بھی کہیں کہیں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب کے علاقوں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بھی بارشیں جاری رہیں گی۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، تھرپارکر، بدین اور میرپورخاص میں اور بلوچستان میں زیارت، قلات، خضدار، آواران، سبی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جہاں اموات کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔ باجوڑ میں امدادی کارروائی کے دوران ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے باعث ریسکیو آپریشنز میں مشکلات کا سامنا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے، ہنگامی تیاری مکمل کرنے اور عوام کو محفوظ رہنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔