آزاد کشمیر کے عوام نے ترقی کو ووٹ دیا، انتشار کی سیاست مسترد کردی: مریم نواز

07:50 PM, 15 Aug, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کی نشستیں اکثریت کے ساتھ جیتی ہیں، انتخابی مہم میں امیر مقام، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھرپور محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی کو ووٹ دیا اور انتشار و تشدد کی سیاست کو مسترد کردیا۔ دنگا فساد، قتل و غارت، احتجاج اور ہڑتالوں کو کشمیری عوام نے ووٹ کی طاقت سے شکست دی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جو عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑانا چاہتے تھے، ان کے لیے یہ شکست فاش ہے۔ کشمیری عوام جانتے ہیں کہ انہیں کیا چاہیے اور وفاق و پنجاب میں کیا ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا، اب ہمارا اصل ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے خلاف جتنی سازشیں ہوئی ہیں، شاید ہی کسی دوسری جماعت کے خلاف ہوئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جس دن کابینہ بنے گی، اسی دن سے ضروری کام شروع کیے جائیں گے اور آزاد کشمیر کے بجٹ کو عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان سمیت پورا ملک دیکھ لیں، جہاں بھی ترقی کا نشان ہے وہ مسلم لیگ (ن) کا ہے۔ پورے ملک میں ترقی کے نشان پر صرف ایک نام، نواز شریف، لکھا ہوا ہے۔

مزیدخبریں