اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے صدر پرابوو سوبیانتو، انڈونیشیا کے عوام اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات اور دعائیں زلزلے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برادر ملک انڈونیشیا کے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور اس مشکل وقت کا سامنا کرنے والے تمام افراد کے لیے قوت اور استقامت کی دعا کرتا ہے۔