پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب تجربہ

10:13 AM, 15 Dec, 2025

راولپنڈی : پاکستان کی بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے ایف ایم 90 این ای آر میزائل کا کامیاب لائیو فائر مظاہرہ کیا، جس سے پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا بھرپور اظہار ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ فائر پاور کا مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور حربی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔ فائرنگ کے دوران انتہائی تیزی سے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جو کہ پاک بحریہ کی جدید ترین دفاعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل عبد المنیب نے اس کامیاب فائر پاور مظاہرے کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ بحریہ کے افسران اور جوانوں نے اپنے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور لگن کو بہترین طریقے سے پیش کیا۔

کمانڈر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملک کے سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر صورت میں پرعزم ہے اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

یہ مظاہرہ پاک بحریہ کی جدید دفاعی صلاحیتوں کی ایک اور مثال ہے، جو نہ صرف قومی سمندری حدود کے دفاع میں مؤثر ہیں، بلکہ کسی بھی بیرونی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔

مزیدخبریں