گوجرانوالا: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار کا پالتو کتا "بو" گوجرانوالہ میں چوری ہوگیا ہے۔ ندا ڈار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس افسوسناک واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے کتے کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ندا ڈار نے بتایا کہ ان کے گھر کے باہر سے نامعلوم چور کتے کو اُٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتوں کی محبت اور وفاداری زندگی کو روشن بنا دیتی ہے، اور "بو" ان کے لیے صرف پالتو جانور نہیں بلکہ ایک خاندان کا حصہ ہے۔
کچھ روز قبل ندا ڈار نے اپنے انسٹاگرام پر "بو" کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ وہ اپنے دوست "بو" کے ساتھ خوبصورت وقت گزار رہی ہیں۔ ندا ڈار کا کہنا تھا کہ کتوں کی غیر مشروط محبت انسان کی زندگی کو بہتر بناتی ہے، اور اس کی کمی کو وہ بہت محسوس کر رہی ہیں۔
پولیس نے کتے کی تلاش کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں، اور عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی معلومات کے لیے فوراً پولیس سے رابطہ کریں۔