پنجاب میں بلیو اکانومی کے نئے دور کا آغاز، جدید ٹیکنالوجی سے جھینگوں کی افزائش کا منصوبہ شروع

02:18 PM, 15 Dec, 2025

لاہور : پنجاب میں بلیو اکانومی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جھینگوں کی افزائش، آبی زراعت اور ویلیو چین کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت 100 ایکڑ اراضی پر جھینگوں کی افزائش کے کامیاب تجربے کے بعد اس صنعت کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے، جو صوبے کی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق، اس جامع منصوبے میں جدید ہیچریز، ایکوا مالز، پروسیسنگ پلانٹس، کولڈ سٹوریج سہولتیں اور ایک مربوط ٹرانسپورٹ چین شامل ہیں تاکہ جھینگوں کی پیداوار سے برآمدات تک ایک مکمل ویلیو چین قائم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارچ 2026 تک مظفرگڑھ اور سرگودھا میں 5,300 ایکڑ اراضی پر مشتمل جھینگا سٹیٹس قائم کیے جائیں گے۔

یہ منصوبہ عالمی تحقیق و ترقی اور جدید آبی زرعی ٹیکنالوجیز کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ایکواڈور، آسٹریلیا اور میکسیکو کے عالمی معیار کے ماہرین کی معاونت حاصل کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور مشینری موقع پر موجود ہے، جبکہ مزید 2,600 ایکڑ اراضی کے لیے فیزیبلٹی اسٹڈی بھی جاری ہے۔ آئندہ سال کے آغاز میں اس منصوبے کو کسانوں کے لیے حتمی شکل دی جائے گی۔

مزیدخبریں