لاہور:لاہور: پنجاب حکومت نے تعلیمی بورڈز کے رولز اور ریگولیشن کو یکساں کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ اور سرٹیفکیٹ ہولڈرز کو آسان اور شفاف نظام فراہم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں تمام بورڈز کے ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی تاکہ تعلیمی معیار اور طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا ہو۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے طلبہ کو روایتی کتابوں کے بجائے کروم بکس فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام سے ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ ملے گا اور درسی کتابوں کی چھپائی پر آنے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
ابتدائی طور پر پرائمری کلاسز کے لیے کروم بکس پر مشتمل ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا، جس کے نتائج کے بعد منصوبے کو دیگر تعلیمی مراحل تک وسعت دی جائے گی۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے رولز و ریگولیشن کی یکسانیت کے لیے ضروری قانونی ترامیم کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔