لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کو فوڈ باسکٹ صوبہ بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے تیز رفتار اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں زراعت، صنعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقی کا دور جاری ہے اور مریم نواز نے ان شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ پنجاب میں کسانوں کے لیے 400 ارب روپے کا کسان کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جو کسانوں کے لئے ایک تاریخی اقدام ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب کو حقیقی معنوں میں فوڈ باسکٹ صوبہ بنانے کے عمل میں تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ کسانوں کو گرین ٹریکٹرز، سپر سیڈرز اور کرایہ پر زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان نگہبان پیکیج کے تحت مستحق افراد کو ان کے گھروں تک راشن فراہم کیا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر مریم نواز کے اقدامات دیگر صوبوں میں بھی اپنائے جائیں تو یہ بہت خوش آئند بات ہوگی۔