خیبرپختونخوا کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کا افغانستان سے مذاکرات پر اتفاق

05:35 PM, 15 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

پشاور: خیبرپختونخوا کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ایک مشترکہ فیصلے میں کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے افغانستان سے فوری مذاکرات ضروری ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا اور دہشت گردی کے مسئلے کا حل نکالنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان میں امن کے قیام کے ساتھ ہی پاکستان میں بھی امن ممکن ہو سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو افغانستان کے ساتھ جلد مذاکرات شروع کرنے چاہیے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ قومی سطح پر ایک گرینڈ جرگہ بلایا جائے گا جس میں ملک کی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات شریک ہوں گی۔ اس جرگے میں ملک میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں امن کا قیام اور قومی مفاہمت کی کوششیں ضروری ہیں تاکہ ملک کی داخلی صورت حال کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع کرم کے مسئلے کے حل کے لیے بھی اقدامات کی اہمیت پر بات کی گئی۔

مزیدخبریں