بڑھکیں مارنے والے قربانی نہیں دے سکتے: صدر زرداری کی بانی پی ٹی آئی پر کڑی تنقید

09:45 AM, 15 Feb, 2026

رحیم یار خان : صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں جیالوں کے لہو کو گرماتے ہوئے مخالفین، خصوصاً بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر ان پر شدید وار کیے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ جیل کی سختیاں کاٹنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، "بڑھکیں" مارنے والے آج معمولی تکلیفوں پر شور مچا رہے ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ ایک لیڈر نے محض ڈیڑھ سال جیل میں گزارنے کے بعد چلانا شروع کر دیا ہے۔ کبھی آنکھ میں درد کا بہانہ بناتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں کہ دودھ نہیں مل رہا۔ ریاستِ مدینہ کے دعویداروں کو مشورہ دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ "اب جیلوں میں روزے رکھیں اور عبادت کریں، کیونکہ جیلیں عبادت کے لیے ہی ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بڑھکیں صرف دکھانے کے لیے ہیں، یہ لوگ صرف باتیں کر سکتے ہیں، عملی طور پر قربانی دینے کی ہمت ان میں نہیں ہے۔
اپنے سیاسی سفر کا تذکرہ کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے ساڑھے 14 سال قید و بند کی صعوبتوں میں گزارے، لیکن کبھی ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے زور دے کر کہامیں نے ساڑھے 14 سال جیل اپنے زور پر نہیں بلکہ عوام کے زور پر کاٹی ہے۔ ان کے پاس وہ ہمت اور حوصلہ نہیں جو ایک حقیقی سیاسی کارکن کے پاس ہوتا ہے۔

مزیدخبریں