کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا مقابلہ آج روایتی حریفوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو کے آر پریم داس اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، تاہم شائقینِ کرکٹ کی نظریں میدان کے ساتھ ساتھ آسمان پر بھی جمی ہیں کیونکہ بارش کے قوی امکانات نے میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
موسمیاتی رپورٹس کے مطابق کولمبو میں آج بارش کا امکان 65 سے 93 فیصد تک بتایا جا رہا ہے۔ گرج چمک اور گھنے بادلوں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔شام سات بجے کے قریب بارش کا امکان 49 فیصد تک ہو سکتا ہے، جبکہ ہوا کی رفتار 11 میل فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے۔ رات کا وقت بارش کے امکانات کم ہو کر 25 فیصد تک رہ جائیں گے، جو کہ ایک مثبت علامت ہو سکتی ہے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق میچ کے نتیجے کے لیے درج ذیل شرائط کا پورا ہونا ضروری ہے۔ کسی بھی نتیجے تک پہنچنے کے لیے دونوں اننگز میں کم از کم 5، 5 اوورز کا کھیل ہونا لازمی ہے۔ گروپ مرحلے کے میچوں کے لیے کوئی ریزرو ڈے (Reserve Day) موجود نہیں ہے۔
اگر 5 اوورز کا کھیل بھی ممکن نہ ہو سکا تو میچ منسوخ قرار دے دیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔ گروپ اے میں اس وقت صورتحال کافی دلچسپ ہے۔ بھارت اور پاکستان دونوں اپنے دو، دو میچز جیت کر 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اگر آج کا میچ بارش کی نذر ہوتا ہے تو دونوں ٹیمیں 5، 5 پوائنٹس کے ساتھ براہِ راست سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی، کیونکہ گروپ کی دیگر ٹیمیں (امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا) زیادہ سے زیادہ 4 پوائنٹس ہی حاصل کر سکتی ہیں۔
میچ منسوخ ہونے کی صورت میں صرف شائقین ہی مایوس نہیں ہوں گے بلکہ اشتہارات کی مد میں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
مکمل واش آؤٹ کی صورت میں سری لنکا کرکٹ کو ٹکٹوں کی رقم واپس کرنی ہوگی، جس سے گیٹ ریسیٹس کا نقصان ہوگا۔
سابق کرکٹر باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام میں میچ کے بجائے بارش کی خواہش ظاہر کی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
پاک بھارت ٹاکرا: بارش رنگ میں بھنگ ڈالے گی یا میدان سجنے دے گی؟
02:56 PM, 15 Feb, 2026