راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل پانچ رکنی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد ابتدائی طبی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ کیا اور چیک اپ کے بعد ٹیم واپس روانہ ہو گئی ہے۔ توقع ہے کہ آنکھوں کی تفصیلی رپورٹ جلد مرتب کر لی جائے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کی گئی ابتدائی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر، شوگر لیول اور جسمانی درجہ حرارت (ٹمپریچر) کا مکمل ریکارڈ شامل کیا گیا ہے۔رپورٹ میں جیل کے اندر فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، کنسلٹنٹس کی آراء اور میڈیکل اسٹاف کی تفصیلات بھی درج ہیں۔
رپورٹ میں اس بات کا بھی مکمل ریکارڈ موجود ہے کہ اب تک کس تاریخ کو کس ڈاکٹر نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور ان کی صحت کے حوالے سے کیا مشاہدات رہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کی نگرانی مروجہ قوانین کے مطابق کی جا رہی ہے اور ماہر ڈاکٹرز کی تجاویز کی روشنی میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہےہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ مکمل: 5 رکنی طبی ٹیم کی رپورٹ تیار
05:43 PM, 15 Feb, 2026