ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ، 'نو ہینڈ شیک' پالیسی برقرار

06:08 PM, 15 Feb, 2026

کولمبو : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سب سے بڑے معرکے کا آغاز ہو گیا ہے۔ کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان روایتی سرد مہری کے باعث 'نو ہینڈ شیک' کی روایت برقرار ہے۔
 کپتان سلمان آغا کا کہنا ہے کہ پچ پر نمی اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بھارتی بلے بازوں کو جلد آؤٹ کر کے ہدف کا تعاقب کیا جا سکے۔آج کے میچ کو بولنگ بمقابلہ بیٹنگ کا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جہاں بھارتی ٹیم اپنی مضبوط بیٹنگ لائن پر بھروسہ کر رہی ہے، وہیں پاکستانی شاہین اپنی بولنگ کے ذریعے وار کرنے کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی بیٹرز پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن سے خاصے پریشان نظر آ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، میچ سے قبل نیٹ سیشنز میں بھارتی ٹیم نے عثمان طارق جیسا ایکشن رکھنے والے بولرز کے خلاف خصوصی پریکٹس کی ہے۔
 سیاسی کشیدگی کے سائے اس بڑے مقابلے پر بھی منڈلا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کی روایت برقرار رہی۔
کولمبو میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ ماہرین کے مطابق دوسری اننگز میں اوس (Dew) کے باعث فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کو کچھ مشکلات ہو سکتی ہیں، اسی لیے پاکستان نے ہدف کا تعاقب کرنے کو ترجیح دی ہے۔

مزیدخبریں