جیمنائی اے آئی ماڈل میں نئی اپ ڈیٹ متعارف کرادی، "پرسنل انٹیلی جنس" فیچر کا آغاز

09:54 PM, 15 Jan, 2026

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے جیمنائی اے آئی ماڈل میں اب تک کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرادی ہے، جسے پرسنل انٹیلی جنس کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اپ ڈیٹ اے آئی کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت سمجھی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق، اس نئے فیچر کے ذریعے جیمنائی گوگل ایپس میں صارف کے ذاتی ڈیٹا کا تجزیہ کر کے زیادہ تفصیلی جوابات فراہم کرنے کے قابل ہوگا۔ پرسنل انٹیلی جنس کے تحت، جیمنائی گوگل سرچ، جی میل، گوگل فوٹوز، اور یوٹیوب جیسے مختلف ایپس تک رسائی حاصل کر سکے گا۔

کمپنی کے مطابق، یہ فیچر جیمنائی کو ایک حقیقی اے آئی پرسنل اسسٹنٹ میں تبدیل کر دے گا۔

مثال کے طور پر، اگر صارف گاڑی کے کسی مسئلے کے بارے میں سوال کرے تو جیمنائی گوگل ایپس میں موجود معلومات کی بنیاد پر یہ جان سکے گا کہ صارف کس گاڑی کا مالک ہے۔ گوگل فوٹوز کے ذریعے گاڑی کی حالت دیکھ سکے گا اور یوٹیوب سے متعلقہ ویڈیوز کی مدد سے مسئلے کا حل تجویز کرے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ پرسنل انٹیلی جنس فیچر فی الحال صرف امریکہ میں متعارف کرایا جا رہا ہے، اور یہ گوگل اے آئی پرو اور اے آئی الٹرا سبسکرپشن پلانز کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق، آنے والے مہینوں میں اس فیچر کو دیگر ممالک اور مفت صارفین تک بھی توسیع دی جائے گی، اور اسے گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کا حصہ بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔

مزیدخبریں