غزہ: قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں ظلم و بربریت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر مصروف مارکیٹ اور پانی تقسیم کرنے والے مراکز کو نشانہ بنایا۔ غزہ سٹی کی ایک مرکزی مارکیٹ پر بمباری کے نتیجے میں 17 افراد شہید ہوئے، جب کہ نصیرات کے پناہ گزین کیمپ میں پانی کے مرکز پر حملے میں بچوں سمیت 10 افراد شہید ہو گئے۔ خان یونس کے مغربی علاقوں میں بھی شدید گولہ باری کی گئی۔
غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ 1 لاکھ 38 ہزار 500 سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
علاقے کی انسانی صورتحال نہایت ابتر ہو چکی ہے۔ ایندھن کی شدید قلت کے باعث اقوام متحدہ کی 8 اہم ایجنسیاں اپنا کام بند کرنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ ادویات کی کمی اور خوراک کی عدم دستیابی کے باعث نومولود بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں، جب کہ پانی صاف کرنے اور صفائی ستھرائی کے ادارے بھی بند ہو چکے ہیں۔
مقبوضہ علاقے کے 21 لاکھ سے زائد مکین اسرائیلی ناکہ بندی اور مسلسل بمباری کے باعث قحط، بیماری اور بے سروسامانی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ عالمی برادری کی خاموشی اس انسانی المیے کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔