اسحاق ڈار کی بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت، چینی صدر سے ملاقات

11:12 AM, 15 Jul, 2025

بیجنگ: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی تعاون، سیکیورٹی اور ترقی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

چینی صدر نے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت پر زور دیا، جو دنیا کی ایک بڑی آبادی اور یوریشیائی خطے کو محیط ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔

اسحاق ڈار تیانجن میں منعقدہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ بیجنگ آمد پر ان کا استقبال چینی وزارت خارجہ کے ایشیائی امور کی ڈائریکٹر مس یو ہونگ، چین میں پاکستانی سفیر خلیل الرحمٰن ہاشمی اور چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں قائم کی گئی تھی اور اس کے رکن ممالک میں چین، روس، بھارت، پاکستان، ایران، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، تاجکستان اور بیلاروس شامل ہیں۔ یہ تنظیم سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے مختلف باہمی امور اور تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کی، جس میں پاکستان نے بھی اپنی بھرپور موجودگی کا مظاہرہ کیا۔

مزیدخبریں