لاہور: اداکارہ اور میزبان نادیہ خان کی جانب سے ڈرامہ زنجیریں میں سجل علی کے ایک منظر پر تنقید کے بعد شوبز انڈسٹری میں بحث چھڑ گئی ہے۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ اس منظر میں کردار کو صرف آہستہ آواز میں "کوئی ہے" کہنے کے بجائے زیادہ شدت کے ساتھ مدد کے لیے پکارنا چاہیے تھا۔ ان کے اس تبصرے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا، جہاں کچھ افراد نے اسے سین پر تنقید قرار دیا جبکہ کئی صارفین اور فنکاروں نے اسے سجل علی پر غیر ضروری تنقید کہا۔
اس معاملے پر پہلے صائمہ اکرم چوہدری اور مایا علی نے بھی نادیہ خان کے مؤقف پر اعتراض کیا، جبکہ اب سینئر اداکارہ صبا فیصل بھی ان کے خلاف بول پڑی ہیں۔
صبا فیصل نے ایک انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، "نادیہ خان، آپ اپنے گھر کے لیونگ روم میں نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بیٹھی ہیں۔ آپ اپنے ہی فنکاروں کے خلاف اس طرح کیوں بولتی ہیں؟ آخر آپ کون ہوتی ہیں سجل علی پر تنقید کرنے والی؟"
نادیہ خان کے بیان پر بحث تاحال جاری ہے، جہاں ایک طبقہ اسے بے باک رائے قرار دے رہا ہے جبکہ دوسرا فنکاروں کے درمیان اس طرح کی عوامی تنقید کو نامناسب سمجھ رہا ہے۔