اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی، جس میں تنظیم کی ترجیحات، رکن ممالک کے درمیان تعاون اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ایس سی او ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔ فریقین نے تنظیم کی کارکردگی بہتر بنانے اور مستقبل کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق ایس سی او سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا جبکہ تنظیم کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔ سیکرٹری جنرل نے کرغزستان میں ہونے والے آئندہ اجلاس کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان ستمبر میں ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالنے جا رہا ہے اور سربراہی اجلاس سے قبل تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔