استنبول کی مسجد میں پیغمبر اسلامۖ کا جبہ کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کی قطاریں

 استنبول کی مسجد میں پیغمبر اسلامۖ کا جبہ کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کی قطاریں

استنبول:استنبول کی ایک مسجد میں پیغمبر اسلام کا صدیوں پرانا جبہ دیکھنے کے لیے آنے والے زائرین کی قطاریں لگ گئیں۔ شیشے کے ایک کیس میں رکھا گیا یہ مقدس چوغہ کپاس اور ریشم سے بنا ہوا ہے۔ترک زبان میں اسے ہیرکائے شریف (مقدس چوغہ)کہا جاتا ہے اور اسے سترہویں صدی میں استنبول میں لایا گیا تھا۔

اس وقت سعودی عرب سمیت اسلامی دنیا کے زیادہ تر حصوں پر سلطنت عثمانیہ کی حکومت تھی۔ہر سال رمضان کے مہینے میں پیغمبر اسلام کا یہ چوغہ خاص طور پر نمائش کے لیے استنبول کی ہیرکائے شریف مسجد میں رکھ دیا جاتا ہے، جسے دیکھنے کے لیے لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ وہاں پر موجود ایک 78سالہ خاتون نعمت شاہین کا کہنا تھا، میں یہاں گزشتہ برس بھی آئی تھی اور اگر اللہ نے چاہا اور میں زندہ رہی تو آئندہ برس بھی آوں گی۔ وہاں پر موجود 76سالہ عمر رسیدہ خاتون نازیہ پولات کا آنسو بہاتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے اس مقام پر آ کر جذبات ایسے ہوتے ہیں، جیسے لوگوں کی مکہ جا کر ہو جاتے ہیں، میں یہاں ہر سال آتی ہوں اور میری ایسی ہی کیفیت ہوتی ہے۔

خدا کرے میرے دل کی یہ کیفیت برقرار رہے۔یہ چوغہ ساتویں صدی میں اویس قرنی کے سپرد کیا گیا تھا، جو پیغمبر اسلامۖ سے ملاقات کرنے کی خواہش رکھتے تھے لیکن یمن میں اپنی بیمار والدہ کی دیکھ بھال کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکے تھے۔ پیغمبر اسلام نے اویس قرنی کی کہانی سے متاثر ہو کر یہ چوغہ اپنے صحابہ کے ہاتھوں یمن میں بطور تحفہ انہیں بجھوایا تھا۔استنبول کے مفتی حسن کامل یلماز کا مزید کہنا تھا کہ اویس قرنی کے بچے نہیں تھے اور پھر یہ مقدس چوغہ ان کے رشتہ داروں نے محفوظ کیا تھا۔

سن 1611 میں پہلے عثمانی سلطان احمد اس مقدس چوغے کو کوشاداسی سے استنبول لے آئے تھے۔ کوشاداسی ترکی کے مغرب میں واقع ایک علاقہ ہے، جہاں اویس قرنی کے رشتہ دار آباد تھے۔ مفتی حسن کے مطابق، تب سے یہ ہیرکائے شریف (مقدس چوغہ)استنبول میں ہے۔ سن 1851 میں سلطان عبدالمجید نے استنبول کے فاتح نامی علاقے میں ہیرکائے شریف مسجد تعمیر کی تاکہ اس مقدس چوغے کو محفوظ رکھا جا سکے۔ مفتی حسن کا کہنا تھا کہ اس کی صرف دو چابیاں ہیں، ایک فاونڈیشن کے پاس ہے اور دوسری اویس قرنی کے خاندان کے پاس ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔