مسقط: ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا دور عمان میں طے شدہ ملاقاتوں کے مطابق اتوار کو ہونا تھا، تاہم دونوں ممالک نے ان مذاکرات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ بدر البو سعید نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اتوار کو مسقط میں ہونے والی ایران اور امریکا کی ملاقات نہیں ہو گی۔ امریکی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ مذاکرات منسوخ ہو چکے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ بات چیت کے لیے ابھی بھی پرعزم ہیں اور مستقبل میں مذاکرات کا دروازہ کھلا ہے۔
دوسری جانب، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس منسوخی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ "موجودہ حالات میں ہماری توجہ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے پر مرکوز ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے مذاکرات اور سفارتکاری کے تمام دعووں کے باوجود اسرائیل کی حمایت میں ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملوں کی اجازت دی، جس کی وجہ سے ان حالات میں مذاکرات کا حصہ بننا بے معنی ہو چکا ہے۔
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ "امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف جارحیت کی ہے، اور اس طرح کی حمایت مذاکرات کی فضا کو مزید پیچیدہ اور غیر موثر بنا دیتی ہے۔"