ملک کے مختلف علاقوں میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

11:24 AM, 15 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے کئی حصوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

موسمی ماہرین کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں آندھی، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کچھ کمی آ سکتی ہے۔

گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث جیکب آباد کا درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ بہاولنگر، تربت، لسبیلہ، سبی اور موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ دادو، روہڑی، نورپور تھل، بھکر، سرگودھا، ساہیوال، سکھر اور دیگر شہروں میں بھی درجہ حرارت 48 ڈگری تک رہا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی اور ممکنہ تیز ہواؤں کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں